مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی خبر رساں ادارے کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلادیش میں طلبا کی سرکاری ملازمتوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف مظاہروں میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور طلبا کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
تاہم آج سپریم کورٹ نے اپنے تاریخی فیصلے میں کوٹا سسٹم پر عمل درآمد رکواتے ہوئے نچلی عدالت کے گزشتہ ماہ کوٹا بحال کرنے کے حکم کو معطل کردیا۔
اٹارنی جنرل اے ایم امین الدین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ “سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر قانونی تھا۔”
اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ سول سروس کی 5 فیصد ملازمتیں جنگ آزادی کے سابق فوجیوں کے بچوں کے لیے اور 2 فیصد دیگر کیٹیگریز کے لیے مختص رہیں گی۔
وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے 2018 میں کوٹا سسٹم ختم کر دیا تھا لیکن نچلی عدالت نے اسے گزشتہ ماہ بحال کر دیا جس سے ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔