اجراء کی تاریخ: 5 جولائی 2024 - 13:23

پاکستانی سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان نے جیل میں بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی حتمی تاریخ کا اعلان کروں گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور میرے مقدمات  کے ہر بینچ میں قاضی فائز عیسیٰ کیسے آ جاتے ہیں۔ میرے وکلا نے قاضی فائض عیسی کی ہر بینچ میں موجودگی پر اعتراض کیا ہے۔ اب ہمیں شک ہے کہ ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔ جسٹس گلزار کے 5 رکنی بینچ نے بھی کہا تھا کہ قاضی فائز عیسیٰ ہمارے کیس نہیں سن سکتے۔ ہمارے وکلا کا خیال ہے کہ ہمیں انصاف نہیں ملے گا اس لیے ہمارے کیسز کسی اور کو سننے چاہیے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت کیسز کی سماعت کے دوران پسند اور ناپسند نہیں ہونا چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جیل میں بیٹھے کرنل اور میجر سارا نظام چلا رہے ہیں۔ میری ٹیم کل مجھ سے ملاقات کے لیے ائی تھی۔  تین گھنٹے تک وہ اڈیالہ جیل کے باہر اور میں اندر ان کا انتظار کرتا رہا۔ کل مجھے اپنی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ اگر ملاقات ہوتی تو میں ان کے اختلافات ختم کروا دیتا۔سپرٹینڈنٹ نے جیل میں بیٹھے کرنل کے کہنے پر میری ٹیم سے ملاقات نہیں کروائی۔