ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ سے بیروت میں ملاقات کی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

مہر نیوز کے مطابق، لبنانی المیادین ٹی وی چینل نے اطلاع دی ہے کہ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ سے بیروت میں ملاقات کی جس میں جاری صورت حال کے حوالے سے مجوزہ حل اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

المنار ٹی وی چینل کے مطابق سید حسن نصر اللہ نے ملاقات میں ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران دشمن کی تمام پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ہمیشہ خطے کی اقوام اور مزاحمتی تحریکوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ان تمام حمایتوں پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

عبوری ایرانی وزیر خارجہ منگل کے روز لبنان کے دورے کے اختتام پر شام پہنچ گئے ہیں۔