ایران کی وزارت خارجہ نے یوم نکبہ (14 مئی 1948ء کو فلسطین پر صیہونی ناجائز قبضے) کے موقع پر ایک بیان جاری کرکے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے لئے بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

مہر نیوز کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ 14 مئی 1948ء فلسطین پر قبضے کے المناک دور کا آغاز اور فلسطینی مظلوم عوام کے حقوق بالخصوص ان کے حق خود ارادیت کی صریح خلاف ورزی تھی۔ 

یہ دن بوڑھے برطانوی استعمار کی مذموم سازش کے ذریعے عالم اسلام کے قلب میں نسل پرست اور غاصب صیہونی حکومت کے قیام اور فلسطینیوں کی نسل کشی، اور مقدسات کی بے حرمتی کے خونی دور کے آغاز کی سالگرہ ہے۔

  سرزمین فلسطین پر صیہونی ریاست کا ناجائز قیام اس وقت کی استعماری طاقتوں بالخصوص برطانیہ اور امریکہ کی حمایت سے عمل میں لایا گیا جو انسانی حقوق کا راگ الاپنے والے مغربی ممالک کی بربریت کا کھلا ثبوت ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے صیہونی حکومت کو منظم دہشت گردی کی واضح علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے ہسپتالوں میں اجتماعی قبروں کی دریافت اس سفاک رجیم کے انسانیت کے خلاف جرائم کی بھیانک تصویر پیش کرتی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے غزہ میں جاری جنگی جرائم اور نسل کشی، اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار اور تمام تسلیم شدہ بین الاقوامی اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے صہیونی مجرموں کے خلاف تعزیری اقدامات پر زور دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گزشتہ سات ماہ میں امریکہ کی حمایت سے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں 35000 سے زائد بے گناہ لوگوں کے قتل عام اور غزہ پر جاری وحشت ناک مظالم کی مذمت کرتا ہے۔ 

غزہ کے خلاف جنگ روکنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے اور اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی حالیہ مخالفت میں امریکہ کا اقدام ناقابل قبول، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی برادری کی درخواست کے منافی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے مسئلہ فلسطین اور ناجائز صیہونی حکومت کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ثابت قدمی پر تاکید کرتے ہوئے ایک بار پھر فلسطینی قوم کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کیا اور تاکید کی کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اولین اور ترجیحی مسئلہ ہے۔ 

نیز اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسے تاریخی ناانصافیوں سے نمٹنے کے لئے اہم قدم سمجھتا ہے۔ 

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونیت مخالف حالیہ واقعات کا رونما ہونا مستقبل میں فلسطین سے ناجائز قبضے کے خاتمے اور اس سرزمین کے باشندوں کے تاریخی حقوق بالخصوص ایک آزاد اور متحد فلسطینی ریاست کے قیام کا باعث بنے گا۔