مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کے صدر حجۃ الاسلام ابراہیم رئیسی نے ریڈ کراس اور ہلال احمر کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ایک بار پھر صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عالمی برادری اور تمام بیدار انسانی ضمیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام، سسکتی ماوں اور بچوں کے دکھوں کو کم کرنے کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد بھیجیں۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ کی جانب سے ریڈ کراس اور ہلال احمر کے دن کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس میں پڑھے گئے صدر رئیسی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسمالله الرحمن الرحیم
ریڈ کراس اور ہلال احمر بیدار انسانی ضمیر اور انسانی وقار کی بنیاد پر بقائے باہمی کی علامت ہیں، جو عقائد، قومیت، رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر تمام انسانوں کی سماجی ذمہ داری، اتحاد، ہمدردی اور تعاون کو فروغ دیتے ہیں اور مختلف بحرانوں اور قدرتی آفات میں بنی نوع انسان کی خدمت کرتے ہیں۔
ہماری اسلامی تعلیمات میں درگزر کرنے، لوگوں کی مدد اور خدمت کرنے کا ایک سماجی نیکی کے طور پر بار بار حکم دیا گیا ہے، جو رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر انسانوں کی مدد کے لیے ایک اہم روحانی جذبے کی موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام حکومت میں جو اعلیٰ اسلامی اور انسانی اقدار پر مبنی ہے، عوام کی خدمت ہمیشہ سرفہرست رہی ہے جس کا ایک خوبصورت مظہر انجمن ہلال احمر ہے۔ یہ عوامی ادارہ محنت، لگن اور پختہ ارادے کے ساتھ بنی نوع انسان کی خدمت اور معاشرے میں امن، سکون اور صحت کے فروغ میں پیش پیش رہا ہے اور تمام سنگین حالات اور بحرانوں میں یہ متاثرین کے لئے امید اور اطمینان کا مرکز رہا ہے۔
اس سال ہم عالمی ریڈ کراس اور ہلال احمر کا دن ایسے موقع پر منا رہے ہیں کہ جب غزہ کے عوام پانی، خوراک، ادویات اور صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ہمارے ملک کی انجمن ہلال احمر کو غزہ کے عوام کی مدد کے لئے بھرپور آمادگی کے باوجود بدقسمتی سے صیہونی حکومت کی رکاوٹ کا سامنا رہا۔ اور غزہ کے محروم اور مظلوم عوام اب بھی اس رجیم کی وحشیانہ جارحیت سے محفوظ نہیں ہیں۔ جو کہ انتہائی افسوس ناک اور تکلیف دہ امر ہے."
ہلال احمر کے دن کی مناسبت سے اور اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ایک بار پھر عالمی اداروں اور تمام بیدار انسانی ضمیروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیج کر ان کے مصائب کم کرنے میں مدد دیں۔
آخر میں تمام محنتی کارکنوں کو ریڈ کراس اور ہلال احمر کے عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے، اس انجمن کے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں کی کاوشوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور تمام رضاکاروں، امدادی کارکنوں، نوجوانوں اور اسی طرح صحت اور علاج کے شعبوں میں کام کرنے والوں کی کامیابی کے لئے بارگاہ خداوندی میں دعا گو ہوں۔"