مہر نیوز کے مطابق، خطے میں موجود امریکی دہشت گرد فوج کے سینٹرل کمانڈ (USCENTCOM) نے بحیرہ احمر کے اوپر پانچ حملہ آور ڈرونز کو کامیابی سے مارگرانے کا دعوی کیا۔
ٹاس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حملہ آور ڈرونز نے خطے میں امریکی اتحاد اور تجارتی جہازوں کے لئے ایک سنگین خطرہ پیدا کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے اسرائیلی رجیم کے غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینی مزاحمت کی جدوجہد کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے طوفان الاقصی کے بعد کی جنگی جارحیت کے جواب میں بحیرہ احمر میں اسرائیلی اور امریکی اتحاد کے جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا جو ہنوز جاری ہے۔
یمن نے واضح موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک غزہ کے خلاف اسرائیل کی زمینی اور فضائی جارحیت ختم نہیں ہوتی تب تک وہ اپنے حملے جاری رکھے گا۔
دوسری طرف امریکہ اور برطانیہ نے دسمبر میں اسرائیلی جارحیت کی حمایت میں یمن کو نشانہ بنانے کے لئے ایک فوجی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے فضائی حملے شروع کئے۔