مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے اکوبر انٹرنیشنل پبلی کیشنز نے ایک رسمی بیان کے ذریعے تعلیمی نصاب کی کتاب میں امام خمینی کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کرنے پر عذرخواہی کی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس خط کو لکھنے کی وجہ ہماری طرف سے شائع شدہ کتابوں میں سے ایک میں آیت اللہ روح اللہ خمینی کے سلسلے میں پیدا ہونے والے حالیہ تنازعہ پر دلی افسوس کا اظہار ہے۔ ہم نے محسوس کیا کہ ان کے لیے استعمال کیا گیا عنوان نہ صرف غلط ہے، بلکہ بہت سے لوگوں اور برادریوں کے لئے توہین آمیز بھی ہے۔
اس ادارے کو ہندوستان اور دیگر ممالک میں زبردست احتجاج کی لہر کا سامنا کرنا پڑا جس پر باضابطہ معافی نامہ جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی غلطی کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی جھوٹی وضاحتیں نہ صرف سچائی اور انصاف کو نقصان پہنچاتی ہیں، بلکہ سچے تصورات اور جذبات کو بھی ٹھیس پہنچاتی ہیں. ہم اس غلطی کو جلدی اور واضح طور پر درست کرنے کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
اس معذرت خواہانہ بیان میں اس بات پر تاکید کی گئی ہے کہ ہم ان تمام لوگوں سے جو ہماری اس غفلت سے متاثر ہوئے، انتہائی معذرت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد کبھی بھی غلط معلومات پھیلانا اور نقصان دہ بیانیے کو فروغ دینے میں مدد کرنا نہیں تھا۔
اس ادارے کی جانب سے مذکورہ غلطی کو درست کرنے کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کے ساتھ مزید کہا گیا کہ ہم اپنی نمائندگیوں میں درستگی، انصاف پسندی اور حساسیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے مواد کا جائزہ لینے کے لیے پرعزم ہیں، اس کے علاوہ، ہم مستقبل کی کتابوں اور ہمارے آن لائن پلیٹ فارمز میں ایک باضابطہ عذرخواہی پر مبنی اصلاحی نوٹ بھی جاری کریں گے۔