مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024ء کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے۔ مجموعی طور پر پولنگ پرامن ماحول میں منعقد ہوئی۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل
ملک بھر میں حکومت نے بغیر بتائے موبائل سروس معطل کردی۔ بیشتر علاقوں میں موبائل سگنلز بند، انٹرنیٹ کی سروس بھی متاثر رہی۔
سیاست دانوں کا موبائل سروس بحالی کا مطالبہ
بلاول بھٹو، بیرسٹر گوہر، حافظ نعیم سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولنگ شروع ہونے میں تاخیر
ملک کے زیادہ تر حلقوں کے اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل بروقت 8 بجے شروع ہوگیا تاہم بعض اسٹیشنز میں پولنگ بروقت شروع نہ ہوئی اور تاخیر کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔
کامن ویلتھ مبصرین کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ
دولت مشترکہ ممالک کے مبصرین نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ریٹرننگ افسران سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ناخوش گوار واقعات
پولنگ کے دوران چند ناخوش گوار واقعات بھی پیش آئے۔ ڈی آئی خان میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی پر تعینات ایلیٹ فورس کی موبائل وین پر بم حملے میں 5 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔