مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مبینہ خالصتان حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ہندوستان کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اسی سلسلے میں کینیڈا نے ہندوستان کے ایک سینیئر سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
کینیڈین وزیر خارجہ میلا نیئے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہندوستان کے ایک سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی خفیہ ایجنسی نے ہردیپ نجر کی موت اور ہندوستانی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ دہلی میں حال ہی میں منعقدہ جی 20 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈین سرزمین پر شہری کے قتل میں غیر ملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خود مختاری کیخلاف ہے۔
واضح رہے کہ خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں 18 جون کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔