مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے اسٹراسبرگ میں خارجہ امور و سیکیورٹی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے اور یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزپ بوریل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسٹاک ہوم میں دوسرے یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم کے موقع پر اعلیٰ نمائندے کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کی بنیاد پر جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان یورپی یونین کے مختلف اقدامات کے تحت شراکت داری کی تعمیر کے لیے یورپی اداروں کے ساتھ منسلک ہے جس میں گلوبل گیٹ وے حکمت عملی بھی شامل ہے۔ وزیرِ مملکت نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی روابط کو مزید بڑھانے اور خاص طور پر ہجرت کے لیے قانونی راستے سے دوبارہ داخلے پر یورپی یونین کے خدشات کو دور کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کہ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جلد از جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔