اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید رسول موسوی نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ ایران کے سرحدی شہر زابل اور افغانستان کے سرحدی شہر نیمروز کی سرحد پر پیش آنے والا واقعہ سامراجی طاقتوں کی کارستانیوں کا تسلسل ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید رسول موسوی نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ ایران کے سرحدی شہر زابل اور افغانستان کے سرحدی شہر نیمروز کی سرحد پر پیش آنے والا واقعہ سامراجی طاقتوں کی کارستانیوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے مابین اس قسم کی جھڑپیں کسی بھی فریق کے حق میں نہیں ہیں۔

سید رسول موسوی نے زابل کے سرحدی پوائنٹ ساسولی میں ایران اور طالبان کی سرحدی فورسز کے مابین جھڑپ کے بعد دونوں ملکوں کے عوام اور شخصیات کے ہوشیار رہنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ سامراجی طاقتیں ایران کے ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو متاثر کرنے اور ان کے مابین کشیدگی پیدا کرانے کی انتھک کوششیں کرتی ہیں جس کا نتیجہ حالیہ مہینوں کے دوران ایران کے ساتھ اسکے پڑوسی ملک آذربایجان کے غیر دوستانہ اور کبھی اشتعال انگیز رویے کی صورت میں سامنے آیا ہے تاہم ایران ہمیشہ دوراندیشی اور سیاسی بصیرت پر مبنی اپنی پالیسیوں پر گامزن رہتے ہوئے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو اپنی ترجیحی پالیسیوں میں شمار کرتا آیا ہے۔