عیسی زارع پور نے موبائل فون پر ویڈیو کال کی سہولت کے منصوبے کی تازہ ترین تفصیلات کے بارے میں مہر نیوز کے نامہ نگار سے گفتگو میں کہا کہ ملک کے مواصلاتی نیٹ ورک کے ذریعے ویڈیو کال سروس کے سلسلے میں دو موبائل آپریٹرز پر ابتدائی تجربہ کیا گیا ہے البتہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے موبائل فونز پر بھی متعلقہ فیچر کو فعال کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ماڈلز میں یہ فیچر ابھی تک ایکٹیویٹ نہیں کیا گیا ہے، لہذا اس سروس کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔
وزیر مواصلات نے موبائل فونز میں اس ویڈیو کال سروس کو فعال کرنے کے لئے مشاورتی عمل کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ "وزارت صنعت و تجارت اور وزارت خارجہ کے ساتھ مشاورت کے بعد فی الحال معدود موبائل فونز میں اس سروس کو شروع کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے تاکہ ایرانی صارفین ویڈیو کال کی اس سروس سے استفادہ کرسکیں۔
زارع پور نے اس منصوبے کے مکمل نفاذ اور موبائل صارفین کو اس سہولت کی دستیابی کے حوالے سے مزید کہا کہ چونکہ موبائل فون اور الیکٹرانک سامان کی درآمد کا اختیار وزارت صنعت و تجارت کے پاس ہے، لہذا ہمیں وزارت خارجہ اور وزارت صنعت و تجارت سے ہونے والی مشاورت کے نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا.