مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کی زمینی افواج کو 200 سے زائد جدید اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے ڈرون طیارے مل گئے ہیں۔ یہ طیارے ایرانی وزارت دفاع کی نگرانی میں ملکی سطح پر تیار کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزارت دفاع اور آرمی کے باہمی تعاون کے ساتھ ملک میں تیار کئے گئے طیاروں کو مسلح افواج کے قومی دن کی مناسبت سے مختلف مقامات پر ہونے والی تقریبات کے دو دن بعد آرمی کے حوالے کیا گیا۔ ان تقریبات کے دوران سٹریٹیجک ڈرون طیاروں کی مختلف سیریز کی نمائش کی گئی تھی جن میں ابابیل 5، ابابیل 4، آرش، کرار، 10 شہریور، ہما، اور جاسوسی اور نگرانی کے لئے استعمال ہونے والے ڈرون، ریڈار سے نظر نہ آنے والے ڈرون اور دشمن کے اہداف کو ٹھیک نشانہ لینے والے ڈرون شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان ڈرون طیاروں کے ذریعے متحرک اور غیر متحرک اہداف کو آسانی کے ساتھ نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ ان طیاروں میں وسیع پیمانے پر جدت لائی گئی ہے اور جاسوسی کے جدید آلات نصب کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازین یہ طیارے دور سے کنڑول کرنے کی صلاحیت، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر فائر کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ طویل فاصلے تک مارکرنے والے میزائل لے جانے اور الیکٹرونک دفاعی نظام سے لیس ہیں۔
ایرانی آرمی کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے نمائش کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ایرانی آرمی کے پاس موجود ڈرون طیاروں کی کیفیت اور تعداد دونوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جس کا ایک نمونہ آج ہم دیکھ رہے ہیں۔