سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ القطیف کے علاقے ایک اور نوجوان «حیدر ناصر آل تحیفہ» کی پھانسی کی سزا پر گزشتہ رات عمل درآمد کر دیا گیا۔

مہر خبر رساں ایجنسی نے مراة الجزیرہ سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ القطیف کے علاقے کے ایک اور نوجوان حیدر ناصر آل تحیفہ کی سزائے موت پر گزشتہ رات عمل درآمد کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حیدر ناصر آل تحیفہ پر ایک دہشت گرد گروپ میں شمولیت کا الزام لگایا تھا جس کا مقصد بد امنی اور عدم استحکام پیدا کرنا اور سیکورٹی فورسز کو ہلاک کرنا ہے۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے آل تحیفہ پر تخریب کاری، افراتفری پھیلانے کے علاوہ سیکورٹی فورسز پر فائرنگ اور سیکورٹی گاڑیوں پر کاک ٹیل بم پھینکنے کے الزام میں بھی مجرم قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ نوجوان حیدر ناصر آل تحیفہ جو قطیف کا رہنے والا تھا، کو 2017 میں قطیف کی الہدلة چیک پوسٹ سے گرفتار کر کے ریاض کی مباحث جیل میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

قطیف کے اس شہری کی سزائے موت پر پانچ سال کی قید کے بعد گزشتہ رات عمل درآمد کیا گیا۔