اجراء کی تاریخ: 7 مارچ 2023 - 18:53

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی ایک رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے کے باعث کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 120سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی ایک رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے کے باعث کم از کم 15افراد جاں بحق اور 120سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے مؤقر پورٹل بی ڈی نیوز 24 اور این ڈی ٹی وی کے مطابق دھماکہ صدیق بازار میں واقع ایک رہائشی عمارت میں ہوا جو پرانے ڈھاکہ میں واقع ہے۔

علاقہ پولیس کے مطابق رہائشی عمارت سات منزلہ ہے، متعدد فائر فائٹرز یونٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پہ پہنچ چکے ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک دھماکے کی بنیادی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے البتہ تحقیقاتی و تفتیشی ادارے جائے وقوع پر موجود ہیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا یونٹ بھی تلاشی لے رہا ہے۔