مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں مسلسل عدم پیشی پر عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے جبکہ انہیں 14 مارچ کو پیش ہونے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے اور قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں، اُن کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ کسی عدالت نے بھی الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا،گزشتہ سماعت پر عمران خان خود پیش ہوئے نہ کوئی وکیل اُن کی طرف سے آیا، ایسے میں عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں ہے۔دوسری جانب فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلے میں آئی جی پولیس اسلام اباد کو قابل ضمانت وارنٹ کے تعمیل کروانے کا حکم دیا اور فواد چوہدری کو بھی 14 مارچ کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں طلب کرلیا۔