مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیاہےکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو ملک کی معیشت کا انجن سمجھتی ہے اور اس راستے پر چلتے ہوئے ملک 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کا ہدف حاصل کر لے گا۔ بجٹ کے بعد ویبینار سیریز کے آج کے ایپی سوڈ میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے موضوع پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا، ''ہمارے ملک میں کئی دہائیوں تک ایک سوچ کا غلبہ تھا کہ غربت صرف ایک مزاج ہے۔ غربت کو ایک خوبی کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ اسی سوچ کی وجہ سے پہلے کی حکومتیں ملک میں انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنا مشکل محسوس کرتی تھیں۔"
انہوں نے کہا کہ گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس کو تبدیل کرنے جا رہا ہے۔ یہ معیشت اور انفراسٹرکچر کی ترقی کی منصوبہ بندی، ترقی کو مربوط کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ مودی نے کہا کہ ملک میں فزیکل انفراسٹرکچر کے ساتھ ہی سماجی انفراسٹرکچر کا بھی مضبوط ہونا ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا سماجی انفراسٹرکچر جتنا مضبوط ہوگا اتنے ہی باصلاحیت نوجوان، ہنر مند نوجوان کام کرنے کے لیے آگے آ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسی لیے ملک میں اسکل ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ مینجمنٹ، فنانشل اسکلز پر زور دینا بہت ضروری ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر ریکارڈ سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ہماری حکومت نے ملک کو غربت کی سوچ سے باہر نکالا ہے۔