مہر خبررساں ایجنسی نے عراقی ویب سائٹ بغداد الیوم سے نقل کیا ہے کہ عراقی وزارت دفاع کی سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسی نے پیر کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں بغداد میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک کمانڈر کی گرفتاری کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق داعش کا یہ سرکردہ صوبہ صلاح الدین میں داعش کی ذیلی شاخوں میں سے ایک نہاوند گروپ کے فضائی دفاعی یونٹ کا کمانڈر تھا۔
دریں اثنا عراقی سیکورٹی اور انٹیلی جنس فورسز نے اپنی مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک اسپیشل آپریشن کے دوران بغداد کے جنوب میں داعش کے اس کمانڈر کو اپنے جال میں پھنسانے میں کامیاب ہوئیں اور آخر کار اسے گرفتار کرلیا گیا۔
عراقی ذرائع نے داعش کے اس کمانڈر کے نام اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم انہوں نے اعلان کیا ہے کہ تحقیقات اور پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہیں تاکہ اس سے جڑے دیگر دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں داعش کے عناصر نے عراق کے بعض علاقوں میں سیکورٹی کے فقدان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بار پھر دہشت گردانہ کارروائیاں کی ہیں۔