مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی غیرقانونی تعیناتی کے خلاف آج ایڈووکیٹ سردار رازق کے ذریعے سپریم کورٹ پیش ہوں گا، اپنی متوقع گرفتاری کے خلاف بھی عدالت جاسکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کوجیل بھیجنے نااہل کرنے اور جان سے ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جاری ہے، عمران خان کی موجودگی میں 13 پارٹیاں الیکشن لڑنے کے لئے تیارنہیں۔سابق وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے 2 باتیں طے کر لی گئی ہیں کہ صوبے کے الیکشن مرکز کے ساتھ ہوں گے اور مائنس عمران کروانے کی کوشش کی جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر260 کا، زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 3ارب تک جا پہنچے ہیں، لال حویلی پر قبضے کا ارادہ کر کے نااہل حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، 5 مرلے کی لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے جو دل یزداں میں کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے۔