مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک نے ایران کے خلاف انسانی حقوق کے بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ میں ایران میں برطانوی-ایرانی شہری علی رضا اکبری کی پھانسی سے حیران ہوں۔
خیال رہے کہ اکبری کو ہفتے کے روز برطانوی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کے جرم میں پھانسی دے دی گئی۔ ایران کی عدلیہ نے اکبری کے خلاف سزائے موت کا حکم جاری کیا جسے انٹیلی جنس فورسز نے غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
اکبری کے مقدمے کی سماعت ان کے وکیل کی موجودگی میں ہوئی اور موت کی سزا "ٹھوس ثبوتوں" کی بنیاد پر سنائی گئی۔
ایران کی انٹیلی جنس وزارت نے بدھ کی سہ پہر کو ایک بیان میں اکبری اور ان کی گرفتاری کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کیں۔ ایرانی خفیہ اداروں نے اکبری کو ملک کے حساس اور سٹریٹجک مراکز میں برطانیہ کی جاسوسی سروس کے سب سے زیادہ دراندازی کرنے والے ایجنٹوں میں سے ایک کے طور پر نامزد کیا اور بتایا کہ اس کی شناخت ایک طویل اور کثیرالجہتی عمل کے بعد ہوئی تھی جس میں "کاؤنٹر انٹیلی جنس" اور "فریبی کارروائی" شامل تھی۔