مہر خبررساں ایجنسی، مزاحمتی محاذ کے شہید کمانڈروں کی تیسری برسی کی مناسبت سے ان کے جائے شہادت "بغداد ایئرپورٹ" پر گذشتہ شب عالیشان تقاریب منعقد ہوئیں جن میں بڑی تعداد میں عراقی عوام نے شرکت کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز سے ہی بغداد ایئرپورٹ پر سینکڑوں عوامی نمائندوں اور حشد الشعبی کے جوانوں نے جمع ہو کر داعش کے خلاف فتح حاصل کرنے والے کمانڈروں (قادۃ النصر) کی تیسری برسی کی مناسبت سے مختلف تقاریب منعقد کیں۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے وسیع سکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ آنے والے تمام افراد ایئرپورٹ کے سکیورٹی گیٹوں سے گزر کر تقریب میں شامل ہوئے۔
ایرانی سپاہ قدس کے اس وقت کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے اس وقت کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کی تیسری برسی کی مناسبت سے عراق کے اکثر صوبوں جن میں بغداد، واسط، الدیوانیہ، المثنی، ذی قار، بابل، دیالی، بصرہ اور کربلائے معلی شامل ہیں؛ میں سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔