مقامی افغان ذرائع نے کابل میں ایک مسجد میں خوکش حملے اور دھماکے کی اطلاع دی ہے جہاں حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمتیار نماز جمعہ کی امامت کر رہے تھے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الجزیرہ نے مقامی افغان میڈیا کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ کابل کی ایک مسجد میں خودکش حملہ کیا گیا ہے جہاں حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمتیار نماز جمعہ کی امامت کررہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے مزید کہا ہے کہ دھماکہ دار الحکومت کابل کے علاقے "دار الامان" کی ایک مسجد میں ہوا۔

حزب اسلامی افغانستان سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ حکمتیار دھماکے میں محفوظ رہے اور دو خودکش حملہ آور حزب اسلامی افغانستان کے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے سے پہلے ہی مارے گئے جبکہ حملے میں حکمتیار کے دو محافظ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مذکورہ ذرائع نے واضح کیا کہ مسلح افراد نے دھماکے کے بعد حکمتیار کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ان کے محافظوں نے انہیں موقع پر ہلاک کر دیا۔ ادھر بعض ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں دو حملہ آوروں کے علاوہ حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ کا ایک محافظ بھی مارا گیا ہے۔