مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہماچل پردیش کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے حوالہ سے تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے، کیوں وزیراعظم مودی کی تقریب کو کور کرنے والے صحافیوں سے کہا گیا ہے کہ سیکورٹی پاس حاصل کرنے کے لیے اپنا ’کریکٹر سرٹیفکیٹ‘ پیش کریں، خیال رہے کہ ریاست میں 24 ستمبر کو منعقد ہونے والی ریلی خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی تھی، جس میں پی ایم مودی شرکت کرنے جا رہے تھے، تاہم اب کلو میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نجی نیوز چینلز، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں سے ہی نہیں بلکہ آل انڈیا ریڈیو (اے آئی آر) اور دوردرشن کے نمائندوں سے بھی 'کردار کی تصدیق' کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے 29 ستمبر 2022 کو باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔نوٹیفکیشن میں ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر (ڈی پی آر او) سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام پریس نامہ نگاروں، فوٹوگرافروں، ویڈیو گرافروں اور دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو کی ٹیموں کی فہرست ان کے 'کردار کی تصدیق کے سرٹیفکیٹ' کے ساتھ پیش کریں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’کردار کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سی آئی ڈی، بلاسپور کے دفتر کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔‘