افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف تحریک طالبان پاکستان کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف تحریک طالبان پاکستان  کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان دو روز قبل مذاکرات ہوئے تھے، ہوسکتا ہے دونوں فریق کسی نتیجے پر پہنچ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دونوں فریقین کے مابین ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں تاہم مذاکرات میں ناکامی کی صورت میں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان افغان طالبان نے مزید کہا کہ قبل ازیں پاکستانی طالبان غیر معینہ مدت تک طویل جنگ بندی کا اعلان کرچکے ہیں، جس کے باعث حملوں کا سلسلہ رکا ہے، ہماری کوشش ہے کہ معاملے میں جلد از جلد کو ئی پیشرفت ہو۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج پر تحریک طالبان پاکستان کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔