مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مونیخ سکیورٹی کانفرنس کے 58 ویں اجلاس کے ضمن میں لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ملاقات اور گفتگو کی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں ایرانی اور لبنانی عوام کے گہرے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران لبنان میں سیاسی اور اقتصادی استحکام کا خواہاں ہے۔ امیر عبداللہیان نے کہا کہ لبنان میں سیاسی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ غیر علاقائی طاقتیں لبنان کے امور میں مداخلت نہ کریں۔ اس ملاقات میں لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے بھی لبنان میں پائدار سیاسی اور اقتصادی استحکام پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم لبنانی حکومت اور عوام ک طرف سے ایران کی بے لوث حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ لبنان کے وزیر اعظم نے کہا کہ لبنان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے مونیخ سکیورٹی کانفرنس کے 58 ویں اجلاس کے ضمن میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس، ہالینڈ کے وزير خارجہ، آسٹریا کے وزیر خارجہ، ، اٹلی کے وزیر خارجہ نیز قطر، بوسنی، جرمنی، عراق ،سویڈن، بلجیئم ،آرمینیا اور ہندوستان کے وزراء خارجہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا۔