پاکستان کے 28 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس عمرعطا بندیال نے حلف اٹھا لیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے 28 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس عمرعطا بندیال نے حلف اٹھا لیا ہے۔ ایوان صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدر عارف علوی نے جسٹس عمرعطا بندیال سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے ججز کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کی کمپوزیشن تبدیل ہوگئی، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین بن گئے۔

جوڈیشل کمیشن میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہیں۔ جوڈیشل کمیشن میں اٹارنی جنرل، وزیر قانون، جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے ایڈووکیٹ اختر حسین بھی شامل ہیں۔