مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے امریکہ کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن سے ہفتے کے روز ان کے ورچوئل مذاکرات ہوں گے۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور سمیت شمالی کوریا کے میزائل تجربات اور جاپانی شہریوں کے اغوا کا حل طلب معاملے پر بھی بات چیت ہوگی۔
اس حوالے سے جاپانی وزیر اعظم نے جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے قیام کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے صدر بائیڈن سے حضوری ملاقات کیلئے دورۂ امریکہ کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن کورونا وائرس کی نئی قِسم اومیکرون کے پھیلاؤ کی وجہ سے ان کے مذاکرات ورچوئل ہوں گے۔
جاپانی وزیراعظم نے شمالی کوریا کی جانب سے جاپانی شہریوں کے اغواء کا حوالہ بھی دیا جنہیں زیادہ تر 1970ء اور 80 کی دہائیوں میں اغواء کیا گیا تھا۔