مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پرس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے اپنے منافع میں اضافے کے لیے آج ہڑتال کا آغاز کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہڑتال کے باعث پمپس بند ہیں تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اپنے چند پمپ اور نجی سی این جی اسٹیشنز کھلے ہیں، جہاں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔پیٹرول پمپ مالکان نے آج صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کردیئے ہیں۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج صبح 6 بجے سے گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور چترال سمیت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اور نہ ہی حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم کئے، جب کہ ہمیں یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی اور ہم نے 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لی تھی، لیکن حکومت نے یقین دہانیوں پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا، اب جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ہم پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور ان کے مارجن پر نظرثانی کے حوالے سے سمری ای سی سی میں پہلے ہی پیش کی جا چکی ہے، اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔