مہر خبررساں ایجنسی نے افغان ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان حکام کے مطابق افغانستان کا جلال آباد ایئرپورٹ اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے لیے تیار ہے، بہت جلد ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ نگراں ڈائریکٹر ایئرپورٹ اسپن غرشہزاد کا کہنا ہے کہ جلال آباد ایئرپورٹ پر تمام تکنیکی اسٹاف موجود ہے، ایئرپورٹ مکمل فعال ہے، بہت جلد پروازیں شروع ہوجائیں گی۔
جلال آباد ایئرپورٹ سے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی، مستقبل قریب میں ایران سے انسانی امداد لے کر آنے والا طیارہ بھی جلال آباد ایئرپورٹ پر آئے گا۔ گزشتہ 20 برسوں سے جلال آباد ایئرپورٹ امریکی فوج کے زیر استعمال تھا، امریکی فوج نے جلال آباد ایئرپورٹ سے تمام سویلین پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔