مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برازیل میں تربیت کے دوران غار بیٹھ جانے سے 9 فائر فائٹر دب کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ ساؤ پالو فائر ڈیپارٹمنٹ نے ٹویٹر پر اس حادثے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ برازیلی شہر التینوپولس میں واقع دعاز بوکاس غار میں 23 فائر فائٹرز تربیتی مشق کر رہے تھے کہ اچانک غار کی چھت ڈھے گئی، جس کے نتیجے میں 9 فائر فائٹر ہلاک ہوگئے، جب کہ ایک کو بہ حفاظت ملبے سے نکال لیا گیا۔
ابتدائی طور پر حکام نے 3 افراد کےزخمی اور 6 کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی، جب کہ ایلتینو پولس کے میئر آفس سے جاری ہونے والے بیان میں 15 فائر فائٹرز کے ملبے تلے دبے ہونے کا بتایا گیا ہے۔
پولیس اور ایمرجنسی ہیلتھ ٹیم نے غار کے اندر پھنسے ہوئے فائر فائٹرز کو باہر نکالنے کے لیے مشترکہ آپریشن کیا تاہم شدید بارش کی وجہ سے آپریشن کو روکنا پڑا۔ اس بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ مضافاتی علاقہ ہونے اور غار کے مزید ڈھے جانے کے خطرے کے پیش نظر جائے حادثہ تک رسائی بہت مشکل ہے۔