تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور پاکستان کے وزير خارجہ شاہ محمود قریشی نے باہمی دلچسپی کے امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

مہر خبررساں  ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس اجلاس کی افتتاحی تقریب سے ایرانی صدر سید ابراہمی رئیسی خطاب کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کے مطابق اس اجلاس میں 4 ممالک پاکستان، ازبکستان، ترکمنستان اور تاجیکستان کے وزراء خارجہ شرکت کریں گے۔سعید خطیب زادہ نے کہا کہ روس اور چین کے وزراء خارجہ اس اجلاس ميں آن لائن شرکت کریں گے۔ ترکمنستان کے وزیر خارجہ بھی تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق ایران کی افغانستان میں پائدار امن و صلح کے قیام کے سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔