پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اعلیٰ سطحی وفد اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے ہمراہ افغانستان کے ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئےہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے آوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اعلیٰ سطحی وفد اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے ہمراہ افغانستان کے ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئےہیں۔

کابل ہوائی اڈے پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی ، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور افغان وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے پاکستانی وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی ،چیرمین پی آئی اے ایئر مارشل (ر) ارشد ملک ،چیرمین نادرا طارق ملک ،کسٹم ،ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند، وزیر خارجہ امیر خان متقی و دیگر قیادت سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں ، باہمی دلچسپی کے شعبوں بالخصوص تجارت میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مختلف طریقوں پر غور و خوض کیا گیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے طالبان رہنماؤں کو افغانستان میں امن و امان کے قیام اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ طالبان کے عبوری  وزیراعظم ملا حسن آخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل افق خبررساں ایجنسی نے پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ کابل کے بارے میں خبر دی تھی۔