اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ کہا ہے کہ ہم الحمد للہ ترقی، پیشرفت اور قدرت کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ ہمارے دشمن زوال اور پستی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ قدرت کا توازن اسلام اور مسلمانوں کے حق میں تبدیل ہورہا ہے۔

مہرخبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ  میجر جنرل حسین سلامی نے دفاع مقدس کی آمد کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم الحمد للہ ترقی، پیشرفت اور قدرت کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ ہمارے دشمن زوال اور پستی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ قدرت کا توازن اسلام اور مسلمانوں کے حق میں تبدیل ہورہا ہے۔ میجر جنرل سلامی نے دفاع مقدس کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب اسلام، ولایت اور عوام ایک پیج پر جمع ہوگئے تو اس وقت معاشرے میں ایک ایسی دفاعی طاقت وجود میں آگئی جس کی بے مثال اور بے نظیر  استقامت کا ہم نے مشاہدہ کیا۔

میجر جنرل سلامی نے کہا کہ دفاع مقدس میں کامیابی ہتھیاروں کے زور سے حاصل نہیں ہوئی بلکہ کامیابی ان انسانوں کے ذریعہ حاصل ہوئی جن کے دل ایمان سے سرشار اور اللہ تعالی کی حمایت سے مطمئن تھے۔

ایرانی سپاہ کے سربراہ نے کہا کہ جنگ کا سلسلہ آج بھی جاری ہے آج ایرانی عوام کو امریکہ اور مغربی ممالک کی ظالمانہ پابندیوں اور بے جا دباؤ کا سامنا ہے اور ایرانی عوام پابندیوں کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔

میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ آج ہمارے دشمن زوال اور پستی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ہم اس بات کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ ہمارے دشمن بہت چھوٹے اور سمٹ گئے ہیں وہ ایرانی عوام کی نظروں سے دور اور غائب ہورہے ہیں، جبکہ ایرانی عوام انقلاب اسلامی اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مدبرانہ حکمت عملی کی بدولت  ترقی ، پیشرفت اور طاقت و قدرت کی جانب بڑھ رہی ہے۔