امریکہ میں سمندری طوفان آئیڈا نے 6 شمالی مشرقی ریاستوں میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ میں سمندری طوفان آئیڈا نے 6 شمالی مشرقی ریاستوں میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہوگئے۔  سیلاب کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں جب کہ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

طوفان آئیڈا امریکہ کے مرکزی علاقوں تک آنے والا تاریخ کا پانچواں شدید ترین سمندری طوفان ہے۔ نیویارک میں 12 افراد کی ہلاکت تہہ خانوں سے باہرنہ نکلنے کے باعث ہوئیں، لوازیانا میں آئیڈا طوفان سےعمارتیں تباہ ہونے سے ایک لاکھ سے زائد گھربجلی سے محروم ہوگئے جب کہ نیوجرسی میں طوفان آئیڈا سے 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

نیوجرسی میں کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے اوربارش کے باعث زیادہ ترلوگ اپنی گاڑیوں میں پھنس گئے جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں۔ نیوجرسی، نیویارک اورمن ہٹن میں سیلاب کے باعث بڑی شاہراہیں بند ہوگئیں۔

امریکی صدرجوبائیڈن نے طوفان آئیڈا کا ذمہ دار ماحولیاتی تبدیلی اورعالمی طور پر درجہ حرارت میں اضافے کو قراردیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے ملک کو تاریخی قسم کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔