مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی میں آج نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہو گا۔ پاکستان بھر کی طرح کراچی میں بھی نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا جو نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔ مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، ختم مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پزیر ہو گا۔
جلوس کے شرکاء مسجد و امام بارگاہ علی رضا پر نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی گلیاں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے۔
گزرگاہ کی عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سرچنگ کرے گا۔
جلوس کی گزرگاہ پر موبائل فون سروس بھی معطل رہےگی۔
جلوس کی سیکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات ہیں، جن میں خواتین اہلکار، ایس ایس یو کے کمانڈو، آر آر ایف کے جوان بھی شامل ہیں۔
جلوس کی گزرگاہوں پر موجود بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیئے گئے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کے ذریعے جلوس کی نگرانی بھی کی جائے گی۔