مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے نسل پرستانہ و ظالمانہ شہریت قانون اوراس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کو چھپانے کے لئے مظاہروں کا الزام اپوزیشن پارٹیوں پر عائد کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے شہریت ترمیمی قانون کیخلاف مظاہرہ کرنے والوں پر پولیس تشدد کی حمایت کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کا ذمہ دار کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ٹھہرا دیا۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ کانگریس اور ان کے چند حمایتی جماعتیں بل کیخلاف منفی پروپیگنڈا کر کے مسلمانوں کے جذبات بھڑکا رہے ہیں حالانکہ یہ بل صرف نئے تارکین وطن مسلمانوں کو شہریت نہیں دیتا جبکہ اس بل سے برسوں سے بھارت میں مقیم مسلمانوں کو کوئی بھی فرق نہیں پڑے گا۔ واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے شہریت ترمیمی بل کی منظوری کے بعد سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کے دوران پولیس کے لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ سے 25 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 22 دسمبر 2019 - 20:04
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے نسل پرستانہ و ظالمانہ شہریت قانون اوراس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کو چھپانے کے لئے مظاہروں کا الزام اپوزیشن پارٹیوں پر عائد کردیا ہے۔