ترکی نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرپول نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں 20 ملزمان کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کردیئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرپول نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں 20 ملزمان کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کردیئے۔ ترکی کی وزارت انصاف نے بتایا کہ ترک انتظامیہ نے 15 نومبر کو 18 اور 21 دسمبر 2018 کو 2 افراد کے خلاف ریڈ نوٹسز کی درخواست کی تھی۔ وزارت نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ انٹرپول نے یکم مارچ کو ریڈ نوٹس جاری کیے۔ علاوہ ازیں ترک انتظامیہ کی جانب سے ریڈ نوٹس یا ملزمان سے متعلق مزید تفصیلات پیش نہیں کی گئی۔

دوسری جانب سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی آزاد تحقیقاتی اداروں کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ریاض، ملزمان کے خلاف انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔