بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد کشمیریوں پر حملے سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت اور 11 ریاستوں کو نوٹس جاری کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد کشمیریوں پر حملے سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت اور 11 ریاستوں کو نوٹس جاری کردیا۔ نوٹس میں کشمیری طلبہ پر حملوں کو روکنے میں ان کی مداخلت کے لیے دائر درخواست پر جواب مانگا گیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ نوٹس جموں اینڈ کمشیر، مہاراسٹرا، پنجاب، اترکنڈ، بہار، اتر پردیش، ہریانہ، میگھا لایا، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کی ریاستوں کو جاری کیا گیا۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ مرکزی وزارت داخلہ تمام ریاستی حکومتوں کو یہ انتباہ جاری کرے کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستوں میں کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنائیں، ساتھ ہی ریاستی پولیس کے سربراہان کو کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو کشمیر کے علاقے پلوامہ میں خودکش حملے میں 44 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارت کے مختلف حصوں میں کشمیریوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اس کے علاوہ بھارت میں مختلف الزامات میں متعدد کشمیری طلبہ کو حراست میں لیا تھا اور انہیں کالجز سے معطل کردیا گیا تھا۔