مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ طالبان اور افغان اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان آئندہ چندروز میں ماسکو میں ملاقات متوقع ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ طالبان لیڈروں سے ملاقات منگل اوربدھ کو ماسکو میں ہوگی۔ اس ملاقات کا بندوبست ماسکو میں مقیم افغان گروپ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ تاہم یہ ایک ایسے ہوٹل میں ہورہی ہے جو روسی حکومت کی ملکیت ہے، جبکہ طالبان کے مطابق مذاکرات کی میزبانی روسی فیڈریشن کررہی ہے۔
کانفرنس میں افغان سابق صدر حامد کرزئی، عطا محمد نور سمیت دیگر سیاستدانوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے،اخبارکے مطابق افغان حکومت امریکہ طالبان مذاکرات میں شامل نہیں ہوئی اورماسکومذاکرات نے صدراشرف غنی کو نئی مشکل میں ڈال دیا ہے۔
افغان حکومت پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ حکومت طالبان سے براہ راست مذاکرات چاہتی ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان اورافغان اپوزیشن لیڈروں کے درمیان ملاقات کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ افغانستان میں امن کے لیے مددگارنہیں ہوگی، یہ سیاسی ڈرامے سے زیادہ کچھ نہیں۔