مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان امن مذاکرات کرانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم ایک قوم ہیں بھکاری نہیں ہیں، قومیں صرف پیسوں کے لیے بات نہیں کرتیں، سب قوموں کا ایک ویژن ہوتا ہے، ہمیں امداد نہیں خطے کا امن درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرسوں اومان جارہا ہوں اور 3 فروری کو لندن وہاں کشمیریوں کے حق پر آواز اٹھاؤں گا، ہماری کوشش ہے پاکستان کا موقف پیش کریں آج پاکستان کی موثر وکالت ہورہی ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کا امن ہماری ضرورت ہے، پاکستان کے شہریوں نے 17 سال افغانیوں کی میزبانی اور خدمت کی، ہمارا کبھی ارادہ تھا اور نہ ہے کہ ہم ان کے اندرونی معملات میں مداخلت کریں، پاکستان بطور ایک پڑوسی اور خیر خواہ کے ان کے ساتھ ہے، ہمارا کام تھا ایک میز پر لے آنا اور مذاکرات کرانا، پاکستان نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات سیٹ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، عمران خان کی حکومت سودے بازی کرنے نہیں آئی، ہم نے پاکستان کے مفادات کا سودہ نہ پہلے کیا اور نہ اب کریں گے، امن جنگ سے نہیں ہوتا یہ ہمارا موقف رہا ہے اور ہمارے موقف کی دنیا نے تائید کی ہے۔