مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو دھمکی دی ہے کہ شام سے امریکی فوج کے انخلا کی صورت میں اگر اس نے کرد فوج پر حملے کیے تو امریکہ ترکی کو معاشی طور پر تباہ کردے گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے کردوں کو بھی تنبیہہ کی کہ وہ انقرہ سے محاذ آرائی سے گریز کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’اگر کردوں کو نشانہ بنایا تو ہم ترکی کو تباہ کردیں گے، اس کے ساتھ انہوں نے 30 کلومیٹر طویل ’سیف زون‘ قائم کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سےکوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ سیف زون کون قائم کرے گا، کہاں قائم ہوگا یا اس پر عملدرآمد اور اس کے لیے رقم کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
امریکی صدر کی دھمکی پر ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کالن نے ردِ رعمل دیتے ہوئے کہا ترکی کی خواہش ہے کہ امریکا ہماری اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی قدر کرے اور دہشت گردی کے پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہو۔ انہوں نے بھی ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ داعش اور کرد تنظیموں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں میں کوئی فرق نہیں اور ہم ان تمام کے خلاف لڑائی جاری رکھیں گے۔