بیلجیم کے وزیر اعظم چارلس مشیل مہاجرین سے متعلق معاہدے پر اختلاف کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بیلجیم کے وزیر اعظم چارلس مشیل مہاجرین سے متعلق معاہدے پر اختلاف کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بیلجیم کے وزیراعظم  چارلس مشیل نے ملک کے بادشاہ فلپ کو اپنا استعفی پیش کر دیا ہے، وزیراعظم کی اتحادی حکومت کو اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق معاہدے پر ٹوٹ پھوٹ کا سامنا تھا۔

مہاجرین کے معاملے پر وزیراعظم چارلس مشیل کے خلاف حزب اختلاف کی جماعتوں نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جب کہ چار جماعتوں کا حکومتی اتحاد بھی شکست وریخت کی جانب گامزن تھا۔

بیلجیم کے بادشاہ فلپ نے تاحال وزیراعظم کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے، بادشاہ فلپ استعفیٰ منظور کرنے کے ساتھ وزیراعظم سے آئندہ برس مئی میں ہونے والے انتخابات تک عبوری طور پر حکومتی انتظام چلانے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔ مراکش میں اقوام متحدہ کے ساتھ طے پانے والے مہاجرین معاہدے پر دستخط کے بعد وزیراعظم چارلس مشیل کے دیرینہ ساتھی حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوگئے تھے اور اپوزیشن نے بھی معاہدے پر کمزور حکومتی اتحاد کی حمایت سے انکار کردیا تھا۔

لیبلز