یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے صوبہ الحدیدہ میں جنگ بندی کا وقت معین ہوگیا ہے۔

مہر خبررساں ایجسی نے العالم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ  کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے صوبہ الحدیدہ میں جنگ بندی کا وقت معین ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق  انصار اللہ کے اعلی رکن نے الجزیرہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹین گریفٹس کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس کی روشنی میں الحدیدہ میں 18 دسمبر سے جنگ بندی کا آغاز ہوجائےگا۔ الجزیرہ نے انصار اللہ کے رکن کے نام کا ذکر نہیں کیا ہے۔ ادھر یمنی انقلاب کی اعلی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی جانب سے نامہ موصول ہوا ہے لیکن انھوں نے جنگ بندی کی دقیق تاریخ کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں سویڈن میں یمن میں متحارب گروہوں کے درمیان الحدیدہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوگیا ہے۔