مہر خبررساں ایجنسی نے وال اسٹریٹ جرنل کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کے خونخوار ولیعہد محمد بن سلمان اگست 2017 ء سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو قتل کرنےکا منصوبہ بنا رہے تھے۔
سی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے خاشقجی کو قتل کرنے والی ٹیم کے نگراں کو متعدد بار اپنے پیغام میں تاکید کی تھی کہ اگر خاشقجی کو سعودی عرب واپس لانے میں کوئي مشکل درپیش ہو تو اسے ملک سے باہر ہی ٹھکانے لگا دیا جائے۔ سی آئی اے کے مطابق سعودی عرب کے ولیعہد نے یہ پیغام اپنے معروف مشیر سعود القحطانی کو ارسال کئے ہیں۔ سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ولیعہد محمد بن سلمان گذشتہ سال اگست سے خاشقجی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ امریکی خفیہ ادارے کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان کے حکم سے ہی خآشقجی کو قتل کیا گیا اور حقیقت یہی ہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان ، خاشقجی کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں۔