ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ وہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت کے واقعے کی تحقیقات کی تفصیل 23 اکتوبر کو جاری کریں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ وہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت کے واقعے کی تحقیقات کی تفصیل 23 اکتوبر کو جاری کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں رجب طیب اردوغان کا کہناتھا کہ وہ حکمران جماعت آق کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خاشقجی کیس سے متعلق بیان جاری کریں گے۔ صدر اردوغان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف کے طلب گار ہیں ، مکمل اور واضح سچ کے طلب گار ہیں، یہ کوئی عام معاملہ نہیں ہے۔ منگل کے روز پارٹی کے پارلیمانی گروپ کی میٹنگ میں اہم بیان جاری کروں گا۔ سارا معاملہ کھل کر سامنے آجائے گا۔ “

واضح رہے کہ سعودی عرب پہلے خاشقجی کے قتل سے انکار کرتا رہا لیکن آخر کار سعودی عرب کے اٹارنی جنرل نے عالمی دباؤ کے تحت ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں سعودی صحافی خاشقجی کے بہیمانہ قتل کا اعتراف کرتے ہوئےکہا کہ خاشقجی کے قتل میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں ولیعہد محمد بن سلمان کے قریبی دوست بھی شامل ہیں۔