اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دنیا میں ظلم و ستم کامظہر ہے اور دنیا بھر کے مظلوم اور حریت پسند امریکہ کے خلاف متحد ہورہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سپاہ نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ  میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دنیا میں ظلم و ستم کا مظہر ہے اور دنیا بھر کے مظلوم اور حریت پسند امریکہ کے خلاف متحد ہورہے ہیں۔ جنرل جعفری نے کہا کہ امریکہ ، اسرائیل  اور ان کے عرب اتحادی ممالک کے سنگین اور بہیمانہ جرائم کی فلسطین، یمن، عراق، شام اور ایران میں داستانیں زبان زد خاص و عام ہیں۔ یمن کے انقلابی اور حریت پسند عوام پر امریکہ اور اس کے اتحادی عرب ممالک کے مظالم سے دنیا آگاہ ہے امریکہ سعودی عرب کے ساتھ ملکر یمن کے نہتے اور بے گناہ عربوں کا خون بہا رہا ہے آج یمنی عوام امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند کھڑے ہیں۔ جنرل جعفری نے کہا کہ امریکہ آج دنیا میں ایران کو تنہا کرنے کے بجائے خود تنہا ہوگیا ہے اور امریکی صدر کی عالمی سطح پر کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ دنیا میں ظلم و ستم کی علامت بن گیا ہے اور دنیا کے حریت پسند اور مظلوم امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف متحد ہورہے ہیں۔