اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے روسی صدر ولادی میر پوتین سے کہا ہے کہ ہتھیاروں کے جد ید نظام کو غیر ذمے دار کھلاڑیوں کے حوالے کرنے سے خطے میں خطرات میں اضافہ ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے روسی صدر ولادی میر پوتین سے کہا ہے کہ ہتھیاروں کے جد ید نظام کو غیر ذمے دار کھلاڑیوں کے حوالے کرنے سے خطے میں خطرات میں اضافہ ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق نیتن یاہو نے روس کی جانب سے شام کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام ایس 300 مہیا کرنے کے اعلان کے بعد صدر ولادی میر پوتین سے فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں اپنے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اسرائیل اپنی سکیورٹی اور مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔ انھوں نے صدر پوتین کے ساتھ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان روابط جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا ہے۔

اسرائیل ایک عرصے سے روس پر یہ زور دے رہا ہے کہ وہ شام کو ایس 300 میزائل دفاعی نظام فروخت نہ کرے۔ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے واضح کیا ہے کہ ماسکو ماضی میں شام کو یہ میزائل دفاعی نظام فروخت نہ کرکے اسرائیل کو ممنون احسان کرتا رہا ہے مگر گذشتہ ہفتے طیارے کی تباہی میں پندرہ روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد وہ اپنے فوجیوں کے تحفظ کے لیے مناسب جوابی اقدامات پر مجبور ہوگیا ہے۔