اجراء کی تاریخ: 24 اگست 2018 - 13:40

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا ہے، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے دفاتر کا دورہ کیا ہے، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام  نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں وزیر اعظم عمران کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگرحکام موجود تھے۔

اجلاس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی، انہوں نے وزارت خارجہ کی تشکیل، اسٹرکچر اور ورکنگ کے بارے میں بتایا۔

سیکریٹری خارجہ نے خارجہ پالیسی، علاقائی و عالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعظم کو افغانستان، ایران، امریکہ اور چین سے تعلقات پر اعتماد میں لیا گیا اور عالمی عدالت انصاف میں چلنے والے کلبھوشن کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خارجہ پالیسی پر اپنے وژن سے آگاہ کیا اور گائیڈ لائن دی، بعد میں وزیراعظم کی ہدایات اور وژن کی روشنی میں مؤثرخارجہ پالیسی تشکیل دی جائے گی۔