پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستان کے سزا یافتہ سابق وزير اعظم نواز شریف کو ہندوستانی ایجنٹ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ ہندوستان کے مفادات کو تحفظ فراہم کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستان کے سزا یافتہ سابق وزير اعظم نواز شریف  کو ہندوستانی ایجنٹ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ ہندوستان کے مفادات کو تحفظ فراہم کیا۔ کراچی کے باغ ِ جناح میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے  کہا کہ دھاندلی کی بات ایک بہت بڑا گیم ہے جس میں سب ساتھ ملے ہیں یہ الیکشن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بھارتی میڈیا دھاندلی کا رونا رو رہا ہے، نوازشریف نے فوج کو بار بار بدنام کیا، ڈان لیکس میں بدنام کیا اور پھر  ممبئی حملوں کی ذمہ داری   پاکستانی  اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کو بتارہے ہیں کہ ہم آپ کے آلہ کار ہیں، اب فوج ڈومور نہیں کررہی تو فوج کو بدنام کررہے ہیں  لیکن یہ سن لیں ہمارا ملک اکٹھا ہے اور ہم سب فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اگر فوج و رینجرز نہ ہوتی تو کراچی میں امن کیسے ہوتااس شہر میں رینجرز نے آپریشن کرکےشہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم  کیا، اگر پاک فوج  نہ ہوتی تو ملک کے چار ٹکڑے ہوچکے ہوتے۔ عمران خآن نے کہا کہ نواز شریف  نے ہمیشہ ہندوستانی مفادات کو تحفظ فراہم کرکے پاکستان کے ساتھ خانات کا ارتکاب کیا ہے۔