افغانستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک مرتبہ پھر افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کیے جانے کا امکان ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک مرتبہ پھر افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کیے جانے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق واشنگٹن کے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی 3 روزہ تعطیلات کے موقع پر افغان حکومت طویل مدت کے لیے جنگ بندی کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ متوقع طور پر ایک ماہ پر محیط آئندہ جنگ بندی کے دوران حکومت کی جانب سے دوبارہ طالبان جنگجوؤں کے لیے طبی سہولیات، انسانی امداد کی فراہمی اور قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔ خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے طویل عرصے سے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے حوالے امریکہ سے براہِ راست مذاکرات کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، لیکن وہ افغان حکومت کو اس مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنانا چاہتے۔